سنگاپور،20؍فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو دو روزہ دورے پر آج پیر کے روز سنگاپور پہنچ رہے ہیں۔ سن 1980ء کی دہائی کے وسط سے کسی اسرائیلی سربراہ حکومت کا یہ پہلا دورہ سنگاپور ہے۔ نیتن یاہو کے اس دورے کی تصدیق سنگاپور کی وزارت خارجہ کی جانب سے کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اپنے اس دورے میں نیتن یاہو سنگاپور کے صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے۔ یہ بات اہم ہے کہ اسرائیل نے سن 1965ء میں آزادی کے بعد سنگاپور کی فوج کی تیاری اور ترقی میں مدد دی تھی اور دونوں ممالک کے درمیان عسکری، تجارتی اور اقتصادی تعلقات قائم ہیں۔ نیتن یاہو کے اس دورے کے موقع پر سنگاپور کے ہمسایہ ممالک انڈونیشیا، ملائشیا اور برونائی میں مختلف مقامات پر مظاہرے بھی ہو رہے ہیں۔